چدمبرم کی گرفتاری کو لیکر حکمران جماعت کے مرکزی وزیر مختار عباس نقوی نے کہا کہ کانگریس کرپشن کو انقلاب میں تبدیل کرنے میں ماہر ہے اور یہ کانگریس کے انقلابیوں کا کنبہ ہے۔ وہ بدعنوانی کو انقلاب میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ابھی تک ہم نے بدعنوانی کے خلاف انقلاب دیکھا ہے اور اب ہم بدعنوانی کی تائید میں کانگریس کا انقلاب دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسیاں غیر جانبدارانہ طریقے سے اپنا کام کر رہی ہیں۔ لیکن جو لوگ گرفتار ہوئے ہیں یا چھپے ہوئے تھے انہیں انقلابی کے طور پر پیش کر رہے ہیں۔
بی جے پی کے سینیئر رہنما و قومی ترجمان شہنواز حسین نے پی چدمبرم کی گرفتاری کے تعلق سے کہا کہ دن بھر چھپنا اور پھر کانگریس کے دفتر چلے جانا، ایسا کرنے کی کیا ضرورت تھی؟ اگر دروازہ کھول دیتے تو کیا سی بی آئی کو دیوار کود کر جانے کی ضرورت پڑتی؟
انہوں نے سوالیہ لہجے میں کہا کہ انہیں سی بی آئی اور ای ڈی کے افسروں کو اس طرح سے پریشان کرنا کیا صحیح تھا؟
جب ہائی کورٹ سے آپ کی ضمانت نہیں ہوئی تو خود کو عدالت کے حوالے کر دیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس نے
جو حرکت کہ اس نے پورے ملک کو شرمشار کیا۔
غورطلب ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ اس سلسلےمیں منی لانڈرنگ کے معاملے کی بھی تفتیش کر رہا ہے۔ اس معاملے میں، پی چدمبرم کے بیٹے کارتی چدمبرم کو گذشتہ برس گرفتار کیا گیا تھا۔ وہ 23 دن تک عدالتی تحویل میں تھے۔ آئی این ایکس میڈیا اور ایئرسیل کے معاملے میں چدمبرم کے خلاف مختلف کیسز درج ہیں۔
پی چدمبرم کو مرکزی تفتیشی بیورو کی ٹیم نے تقریباً دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد گذشتہ رات حراست میں لے لیا۔ فی الوقت سابق مرکزی وزیر و کانگریس کے سینیئر رہنما سی بی آئی کی حراست میں ہیں۔