ملک بھر سے نامور پرنٹ میڈیا کے سربراہان نے آج نریندر مودی کی ویڈیو کانفرنس میں شرکت کی اور کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کے سلسلہ میں سیر حاصل تبادلہ خیال کیا۔
ویڈیو کانفرنسنگ میں راموجی گروپ کے چیرمین راموجی راؤ نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کے تعلق سے ملک کے لوگوں میں جو خوف پایا جارہا ہے اسے دور کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں سے احتیاط برتنے کی تلقین کی جانی چاہیے۔
وزیراعظم نے میڈیا اداروں کے سربراہان سے اپیل کی کہ وہ اس وبا سے نمٹنے کے لیے عوام میں بیداری پیدا کریں اور انہیں ہر لمحہ آگاہ کرتے ہوئے اپنی ذمہ داری سر انجام دیں۔
انہوں نے میڈیا کے کاموں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت بہت محتاط رہ کر خبریں نشر کرنے کا ہے کیوںکہ لوگوں میں خوف پایا جا رہا ہے اور اس خوف کو آپ حضرات ہی دور کرسکتے ہیں۔
مودی سے گفتگو کرتے ہوئے راموجی راؤ نے چند مشورے دئیے، انہوں کہا کہ ملک کی 65 فیصد آبادی گاؤں اور دیہات میں رہتی ہے اور ہمیں کوشش کرنی ہوگی کہ کورونا وائرس گاؤں تک نا پہنچ پائے ۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں کو انسولیٹ کرنے کے اقدامات کرنے چاہئیں اور اس سلسلے میں میڈیا ادارے یقینی طور پر اپنا کردار نبھا کر حکومت کے ساتھ تعاون کریںگے۔
راموجی راؤ نے وزیر اعظم سے کہا کہ ' آپ میک ان انڈیا کے لیے کافی جدو جہد کر رہے ہیں اور ہمیں اس پر فخر ہے کہ ہماری فارماسیوٹیکل کمپنیاں کافی مضبوط ہیں ،انہوں نے کئی دوائیاں اور ویکسن تیار کئے ہیں لہٰذا ہمارا مشورہ یہ ہے کہ ان فارماسیوٹیکل کمپنیز کی مدد لینی چاہیے۔
راموجی راؤ نے اپنے مشورے میں مزید کہا کہ 'چین اور اٹلی ممالک کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہیں اس لیے ہمیں ان کے تجربات سے سیکھنا چاہیے کہ انہوں نے ایسے مشکل حالات میں کس طرح کے اقدامات کئے اور اس کے لیے بھارتی حکومت کو ان کے ساتھ بات کر کے وہ تمام اقدامات آزمانے چاہئیں جو انہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لیے اٹھائے ہیں ،یہ ہمارے لیے کافی مددگار ثابت ہوگا۔
راموجی راؤ کے مشوروں کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ 'میں آپ کی جانکاری کے لیے بتادوں کہ ہم نے فارماسیوٹیکل کمپنیز اور اس طرح کے ڈیوائسیس بنانے والوں سے تبادلہ خیال کیا ہے اور ان کے ساتھ مل کر کچھ اسکیمز بھی بنائی ہیں اور دنیا کو بھارت سے کافی امیدیں ہیں اور مجھے امید ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر ہماری اس ضرورتوں کو پورا کرے گا۔
راموجی راؤ نے اس جانکاری پر مودی کا شکریہ ادا کیا۔
مودی نے مزید کہا کہ' اس تعلق سے لوگوں کو یہ بتانے کی ضرورت ہے کہ وہ ڈریں نہیں بلکہ محتاط رہیں۔ انہوں نے خاص طور پر صحافیوں کی تعریف کی اور کہا کہ 'ہمارے صحافی بخوبی اپنا کام انجام دے رہیں۔'
واضح رہے کہ عالمی پیمانہ پر پھیل رہے اس کورونا وائرس کے پیش نظر وزیر اعظم نریندر مودی نے کل بھارت کے تمام الیکٹرانک میڈیا اداروں کے سربراہوں سے بھی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات کی تھی۔