سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہی نلینی نے اپنی رہائی کے لیے بھوک ہڑتال شروع کی ہے ۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو اس سلسلہ میں ایک خط بھی لکھا ہے۔ وہ اس وقت تاملناڈو کی ویلور سنٹرل جیل میں قید ہیں۔

اس سے قبل نلینی اور ان کے شوہر مرگن نے حکومت کو کئی مرتبہ اس سلسلہ میں خط لکھ کر توجہ مبذول کروائی تھی۔ نلینی کو پچھلی مرتبہ 25 جولائی کو 30 دن کے لیے پیرول پر رہائی بھی ملی تھی۔
اس سے قبل بھی سن 2016 میں انہیں 12 گھنٹوں کے لیے پیرول پر رہا کیا گیا تھا تا کہ وہ اپنے والد کے جنازہ میں شرکت کرسکیں۔ نلینی کی بیٹی چرترا سری ہرن بھی جیل میں پیدا ہوئی تھی لیکن وہ اس وقت لندن میں ڈاکٹر ہیں۔
نلینی اور دیگر چھ افراد کو راجیو گاندھی کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو تاملناڈؕ میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران ایل ٹی ٹی ای کے خود کش بمبار نے دھماکے سے اڑا دیا تھا جس میں دیگر 14 افراد بھی ہلاک ہوگئے تھے۔