وزیراعظم نریندر مودی نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اراکین پارلیمان سے منگل کو کہا کہ ان کے خیالات، بات چیت اور کام سے ملک میں امن، اتحاد اور ہم آہنگی کے تئیں پارٹی کا عزم مسلسل جھلکتا رہے اور وہ معاشرہ میں ان اقدار کے قیام میں اہم کردار ادا کریں۔
مودی نے یہاں پارلیمنٹ کی لائبریری میں منعقدہ پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ میں اراکین پارلیمان سے یہ اپیل کی۔
میٹنگ میں بی جے پی کے صدر جگت پرکاش ندا، وزیر داخلہ امت شاہ، وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، روڈٹرانسپورٹ کے وزیر نتن گڈکری، وزیر قانون روی شنکر پرساد، سماجی انصاف اور امپاورمنٹ کے وزیر تھاور چند گہلوت، وزیر خارجہ ایس جے شنکر، اطلاعات و نشریات کے وزیر پرکاش جاوڈیکر سمیت کئی دیگر وزیر اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ترقی اور ترقی ہی ہمارا اصل نعرہ ہے۔ ترقی کے ذریعہ ملک کی خدمت یہی ہماری سیاسی فعالیت کا مقصد ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں خیال رکھناہے کہ امن، اتحاد اور ہم آہنگی، یہ ترقی کی پہلی شرط ہے۔ ہمیں یہ یقینی بنانا ہے کہ امن، اتحاد اور ہم آہنگی کے تئیں ہمارا عزم ہمارے خیالات، ہماری بات چیت اور ہمارے کام سے مسلسل جھلکتا رہے۔