وزیراعظم نریندر مودی نے شہریت ترمیمی قانون کی مخالفت کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ سیاسی فائدہ کے لئے مخالفت کو ہوا دینے والوں کی وجہ سے ملک نے پاکستان کی کرتوتوں کو دنیا کے سامنے لانے کا موقع گنوا دیا۔
مودی نے یہاں رام لیلا میدان میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یہ کسی کی شہریت چھیننے والا نہیں بلکہ شہریت دینے والا قانون ہے۔ اس قانون سے پاکستان، بنگلہ دیش اور افغانستان میں مذہبی بنیاد پر متاثرہ اور ستائے ہوئے لوگوں کو ہندستان کی شہریت دیتا اور انہیں احترام کے ساتھ زندگی گزارنے کا حق ملتا ہے لیکن اپوزیشن جماعتوں کے لیڈروں نے اس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کام کرکے لوگوں کو تشد د کے لئے بھڑکایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس قانون سے دنیا کو پتہ چلتا کہ پاکستان میں کیسے انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوتی ہے، وہاں انسانی حقوق کی کیا صورتحال ہے اور اقلیتوں پر کس طرح کے مظالم ہوتے ہیں۔ پاکستان میں اقلیتوں کے ساتھ ہونے والے مظالم پر اس کی کرتوتوں کو دنیا کے سامنے لانے کا ملک کو اس قانون سے موقع مل رہا تھا لیکن کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کی ووٹ بینک کی سیاست کی وجہ سے ملک نے پاکستان کی کرتوت دنیا کے سامنے لانے کا موقع گنوا دیا ہے۔