یہ ٹرمنل سکھ یاتریوں کو پاکستان جانے کے لیے پلیٹ فارم مہیا کرے گا۔ یہیں سے گذر کر سکھ یاترا پاکستان میں داخل ہوسکیں گے۔ مکمل طور پر ایر کنڈیشن اس کاریڈور بلڈنگ میں 50 امیگریشن کاونٹرز ہیں جن سے ایک دن میں 5 ہزار یاتری پاکستان جاسکیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کرتار پور راہداری کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سے سکھ یاتریوں کو کرتار پور جانے میں آسانی ہوگی۔وزیر اعظم نے پنجاب حکومت اور سکھ برادری کو مقررہ وقت پر کام مکمل کرنے اور راہداری کے افتتاح پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے مقرہ وقت پر کرتار پور راہداری کا کام مکمل کرنے پر پاکستانی وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی لوگوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مقررہ وقت پر کرتار پور کا کام مکمل کرلیا۔
وزیر اعظم نے اس موقع پر سکھ یاتریوں کے پہلے جھتے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جس میں 500 یاتری شامل ہیں۔ اس جھتے میں سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ، پنجاب کے وزیر اعلی امریندر سنگھ ، مرکزی وزیر ہرسمرت کور بادل ، ان کے شوہر سکھبیر سنگھ بادل ، اور کئی وزراء شامل ہیں۔
مرکزی کابینہ نے 22 نومبر 2018 کو گرو نانک کی 550 ویں یوم پیدائش عظیم الشان پیمانے پر منانے کا اعلان کیا تھا۔ یہ راہداری سال بھری کھلی رہے گی اور یاتریوں کو کرتار پور کا دورہ کرنے میں آسانیاں فراہم کرے گی۔