جسٹس ایل ناگیشورا راؤ کی سربراہی والی بنچ نے سماجی کارکن زاہد حسین کی درخواست نمٹا تے ہوئے انہیں این ایچ آر سی جانے کی ہدایت دی۔
عدالت عظمی نے کہا کہ این ایچ آر سی ملک بھر میں بندھوا مزدوروں کے تحفظ اور باز آبادکاری کے لئے مخصوص ہدایات جاری کرسکتا ہے۔ عدالت نے کہا کہ اگر درخواست گزار کو کمیشن سے ریلیف نہیں ملے تو اسے دوبارہ درخواست دائر کرنے کی آزادی ہوگی۔
بنچ نے حکومت بہار سے کہاکہ وہ اس بات سے واقف ہیں کہ ریاستی حکومت کی توجہ اس وقت مہاجر مزدوروں پر ہے لیکن یہ بھی خیال رکھنا چاہئے کہ بندبھوا مزدوروں کو کم سے کم اجرت یقینی بنانا لازمی ہے۔
اس معاملے میں درخواست گزار کا کہنا تھا کہ این ایچ آر سی کے 11 مئی کے حکم کے باوجود انتظامیہ نے اترپردیش کے سنبھل اور بہار کے روہتاس میں اینٹ بھٹوں میں کام کرنے والے تقریبا 187 بندھوا مزدوروں کی مدد کے لئے کوئی کارروائی نہیں کی۔
درخواست گزار کا الزام ہے کہ ان مزدوروں سے سورج کی شدید دھوپ میں بھی سخت محنت کرائی جاتی ہے۔ ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جاتا ہے۔ انہیں دن میں ایک بار کھانا دیا جاتا ہے۔ حاملہ خواتین اور بچے بھی ان بندھوا مزدوروں میں شامل ہیں۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انہیں اس معاملے میں قومی انسانی حقوق کمیشن کی طرف سے بھی کوئی مدد نہیں ملی ہے۔