گوگل نے اپنا فیصلہ واپس لیتے ہوئے پے ٹی ایم ایپ کوپلے اسٹور میں بحال کردیا ہے۔
گزشتہ روز گوگل نے پلے اسٹور سے معروف آن لائن ایپ 'پے ٹی ایم' کو کمپنی کی ہدایات کی خلاف ورزی کے پاداش میں اپنے اسٹور سے ہٹا دیا تھا۔لیکن کچھ ہی دیر بعد اسے بحال کردیا گیا ہے۔
جمعہ کی شام کو پے ٹی ایم ایپ کو پلے اسٹور میں واپس کردیا گیا ہے، پے ٹی ایم نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ 'اپڈیٹ اور ہم واپس آگئے'۔
اس سے قبل گوگل نے کہا تھا کہ ان کے یہاں کھیلوں میں سٹہ بازی کی سہولت فراہم کرنے والے اپیز کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے اگر کوئی ایپ ایسا کرتا ہے تو وہ اسے پلے اسٹور سے ہٹا دیا جائے گا۔ آئی پی ایل جیسے بڑے کھیلوں کے مقابلوں سے پہلے اس طرح کے ایپس کے آغاز میں اکثر اضافہ ہوتا ہے۔
خیال رہے کہ رواں برس آئی پی ایل کا تیرہواں سیزن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہونا ہے۔
گوگل کا کہنا تھا کہ' ہم آن لائن جوئے بازی کی اجازت نہیں دیتے ہیں یا کسی بھی غیر منظم جوئے والے ایپ کی حمایت نہیں کرتے ہیں، جو کھیلوں میں سٹابازی کی سہولت دے۔ اگر کوئی ایپ صارفین کو کسی دیگر ویب سائٹ کی طرف لے جاتی ہے جس کی مدد سے وہ اصلی رقم یا نقد انعام جیتنے کے لیے ادا شدہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کی اجازت دیتا ہے تو یہ ہماری پالیسیوں کی خلاف ورزی ہے'۔
گوگل نے مزید کہا تھا کہ یہ پالیسیاں صارفین کو ممکنہ نقصان سے بچانے کے لیے ہیں۔