انڈین پریمیئر لیگ میں چینئی سپر کنگز کے کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے گزشتہ روز 48 گیندوں میں 84 رنز کی شاندار اننگ کھیلی تھی، اس دوران انہوں نے چار چوکے اور سات چھکے لگائے اور ایک ریکارڈ اپنے نام کیا۔
آئی پی ایل کی تاریخ میں 200 چھکے لگانے والوں کی فہرست میں بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور چینئی سپر کنگز کے موجودہ کپتان مہندر سنگھ دھونی پہلے بھارتی بلے باز ہونے کا شرف حاصل کر لیا ہے، انہوں نے 184 میچوں میں یہ ریکارڈ بنایا ہے۔
گزشتہ روز رائل چیلینجرز بنگلور کے خلاف دھونی نے 7 چھکے لگائے اور چھکوں کی ڈبل سنچری مکمل کی۔ اس ڈبل سنچری کے ساتھ ہی وہ 200 چھکے لگانے والے پہلے بھارتی بلے باز بن گئے ہیں جبکہ ان سے آگے ویسٹ انڈیز کے خطرناک بلے باز کرس گیل ہیں جنہوں نے اب تک آئی پی ایل میں 323 چھکے لگائے ہیں۔
دھونی کے علاوہ سب سے زیادہ چھکے لگانے والے بھارتی بلے بازوں میں روہت شرما اور سریش رائنا ہیں جنھوں 190۔190 چھکے لگائے ہیں۔