ماہرین نے کہا کہ باہمی تعاون اور مضبوط تعلقات کے ذریعہ ہی مخصوص طبقات کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔
بھارتی دارالحکومت دہلی کے انڈیا انٹر نیشنل سینٹر میں او بی سی کمیشن کے زیراہتمام مخصوص طبقات کے سماجی ارتقاء پر ایک کانفرنس کا اہتمام کیا گیا۔
اس کانفرنس میں ایس سی، ایس ٹی اور او بی سی کے مسائل پر غوروفکر کیا گیا اور ان کے سماجی انضمام پر زور دیا گیا۔
او بی سی کمیشن کے سکریٹری شمیم اختر نے بتایا کہ ہماری یہ کانفرنس مخصوص طبقات کے درمیان باہمی ہم آہنگی کے جذبات کو فروغ دینے سے عبارت ہے۔
سپریم کورٹ کے وکیل اور سماجی کارکن فیروز احمد نے کہا کہ بھارتی پسماندہ مسلمان اصل بھارتی ہیں اور انہیں وہی مساوات ملنا چاہیے جو دوسروں کو حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ او بی سی مسلمان دوہری مار جھیل رہا ہے پہلے وہ پسماندہ ہے اور پھر اس کا مخصوص ذات سے تعلق ہونے کے باوجود کوئی فائدہ نہیں ہوتا ہے۔
جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں سماجیات کے پروفیسر وویک کمار نے کہا کہ چھوٹی ذاتوں کے لوگوں کے پیر دھونے سے کچھ نہیں ہوتا بلکہ انہیں مساویانہ حقوق دینا پڑے گا۔
اس پروگرام میں ریاستی سماجی بہبود کے وزیر راجندر پال گوتم کے علاوہ مخصوص طبقات کے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔