لیفٹیننٹ گورنر نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پیر کے روز 'میرا شہر میری شان' پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا: 'حال ہی میں جموں وکشمیر میں پراپرٹی ٹیکس نافذ کرنے کی باتیں ہوئیں، میں آپ لوگوں کو پوری ذمہ داری سے کہتا ہوں کہ انتظامیہ کی طرف سے جموں وکشمیر میں ایسا کوئی بھی ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا'۔
جموں و کشمیر پنچایت ایکٹ میں کی جانے والی حالیہ ترمیم کے حوالے سے موصوف نے کہا : 'میں تمام پنچایت نمائندوں کو مطلع کرنا چاہتا ہوں کہ حکومت ان کو دیے جانے والے مشاہرے میں اضافہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔ جو اس مشاہرے کو بند کرنے کی باتیں ہو رہی ہیں وہ محض افواہیں ہیں'۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر پنچایت راج ایکٹ میں حالیہ ترمیم کے بدولت ہر ضلع میں ضلع ترقیاتی کونلسز کا قیام عمل میں لایا جائے گا تاکہ لوگوں کو ترقیاتی سرگرمیوں سے فائدہ پہنچے۔
یہ بھی پڑھیں:
شوپیاں کے ملہورہ علاقے میں تصادم
لیفٹیننٹ گورنر نے اس موقع پر ایک پل کا افتتاح کرنے کے بعد نامہ نگاروں کو بتایا: 'اس پل کی تعمیر یہاں کے لوگوں کی دیرینہ مانگ تھی۔ اس پل کے بننے سے نیا اور اولڈ ٹاون والے علاقے آپس میں جڑ جائیں گے۔ اس سے لوگوں کو عبور و مرور میں کافی مدد ملے گی'۔
انہوں نے کہا کہ بیک ٹو ولیج پروگرام کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا ہے۔ چونکہ شہری علاقے چھوٹ گئے تھے اسی لئے میرا شہر میری شان پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا: 'اسی سلسلے میں آج بارہمولہ آیا تھا۔ جو نوجوان تجارت کرنا چاہتے ہیں انہیں اس کے لئے درکار رقومات فراہم کئے جائیں گے'۔