وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کے روز ’پولیس میموریل ڈے‘ کے موقع پر فرض کے لئے اپنی جانیں دینے والے شہید پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
نریندر مودی نے آج ’پولیس میموریل ڈے‘ کے موقع پر شہید پولیس اہلکاروں کی شہادت کو یاد کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا کہ ’’پولیس میموریل ڈے ملک بھر میں ہمارے پولیس اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کا شکریہ ادا کرنے کا دن ہے۔ اس دن ہم ان تمام پولیس اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جو اپنے فرض کے لئے شہید ہوئے تھے۔ ان کی قربانی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا‘‘۔
نریندر مودی نے مزید لکھا کہ ’’امن و امان برقرار رکھنے سے لے کر پولیس اہلکار خوفناک کیسز کو حل کرنے، ڈیزاسٹر میجنمنٹ سے سے لے کر کووڈ 19 کے چیلینجز تک سے نمٹنے میں تعاون کرتے ہیں۔ ہمیں ان کی فرض شناسی پر فخر ہے اور شہریوں کی مدد کے لئے ہمیشہ تیار رہنے پر فخر ہے۔‘‘
چین کے ساتھ ملک کی سرحد کی حفاظت کرتے ہوئے پولیس اہلکاروں کی قربانی کی یاد میں 21 اکتوبر کو ہر سال ’پولیس میموریل ڈے‘ منایا جاتا ہے۔ یہ واقعہ 1959 میں پیش آیا جب پولیس اہلکاروں نے پیٹھ دکھائے جانے کے بجائے سینے پر چینی فوجیوں کی گولیاں کھائیں اور شہید ہوگئے۔
جنوری 1960 میں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر کنٹرول علاقوں کے انسپکٹر جنرل آف پولیس کی سالانہ کانفرنس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوانوں کی شہادت کو فراموش نہیں کیا جائے گا اور 21 اکتوبر کو ’پولیس میموریل ڈے‘ کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد ہر سال ملک میں ان 10 شہدا کو یاد کیا جاتا جو چینی حملے کا نشانہ بنے تھے۔
2012 کے بعد سے ہر سال دہلی کی چاانکیہ پوری میں واقع نیشنل پولیس میموریل میں ہر سال اس دن ایک پریڈ کا اہتمام کیا جاتا ہے۔