وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق نریندر مودی نے اس بات چیت میں روس میں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی جلد صحت یابی کی تمنا کی اور امید ظاہر کی کہ صدر ولادیمیر پتن کی قیادت میں روس اس وبا پر قابو پانے میں کامیاب ہوگا۔
روسی صدر نے بھی بھارت میں کووڈ 19 کے انفیکشن کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے کی جارہی کوششیں کامیاب ہونے کی تمنا کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اس موجودہ عالمی بحران سے متعلق سبھی چیلنجز کے علاوہ صحت، طب، سائنسی تحقیق، انسانی مسائل اور عالمی معیشت پر اس کے اثر سے نمٹنے کے لئے باہمی صلاح و مشورہ اور تعاون پر اتفاق ظاہر کیا۔
مسٹر مودی اور مسٹر پتن نے کووڈ۔19 سے نمٹنے کے لئے جی۔20 ممالک سمیت بین الاقوامی تعاون کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیراعظم نے روس میں بھارتی طلبا کی بہتر صحت کو یقینی بنانے کے لئے روسی افسران کی جانب سے کئے گئے تعاون کی ستائش کرتے ہوئے اس کے جاری رہنے کی امید ظاہر کی ہے۔ پتن نے اس سلسلے میں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
مودی نے روسی صدر کو بتایا کہ متعلقہ بھارتی افسر روسی شہریوں کی حفاظت، صحت اور ان کی بحفاظت ملک واپسی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:کووڈ 19 پر راموجی راؤ کی وزیراعظم سے گفتگو
دونوں رہنماؤں نے دو فریقی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لئے آپسی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق ظاہر کیا ہے۔