مدھیہ پردیش پولیس کے ذریعہ ان کی گرفتاری کے بعد مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان نے ٹویٹ کیا ہے کہ 'جو لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ مہاکال کی پناہ لینے سے ان کے گناہ دھل جائیں گے، وہ مہاکال کو نہیں جانتے ہیں، ہماری حکومت کسی مجرم کو معاف نہیں کرے گی۔'
اس کے ساتھ ہی انہوں نے دو مزید ٹویٹ کیے جس میں انہوں نے لکھا 'میں نے اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیناتھ سے فون پر بات کر لی ہے، جلد ہی آگے کی قانونی کارروائی کی جائے گی، مدھیہ پردیش پولیس وکاس دوبے کو اتر پردیش پولیس کے حوالے کرے گی۔'
ایک دیگر ٹویٹ میں شیوراج سنگھ چوہان اجین پولیس کو مبارکباد دیتے ہوئے لکھتے ہیں' وکاس دوبے کی گرفتاری کے لیے اجین پولیس کو مبارکباد۔'
یہ بھی پڑھیں: کانپور انکاؤنٹر کا کلیدی ملزم وکاس دوبے گرفتار
بتادیں کہ آٹھ پولیس اہلکاروں کے قتل کا کلیدی ملزم وکاس دوبے گذشتہ ایک ہفتہ سے فرار تھا، جمعرات کی صبح کو اججین میں اس کی گرفتاری کی خبر آئی تھی، وہ صبح اجین کے مہاکال کے مندر پہنچا تھا، جہاں ایک گارڈ نے اسے پہچان لیا اور اس کی اطلاع مقامی پولیس کو دی جس کے بعد اجین پولیس نے اسے گرفتار کرلیا، اس وقت وہ اجین پولیس کی گرفت میں ہے۔