ریاست تمل ناڈو میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے درمیان ریاستی حکومت نے منگل سے ان لاک 4.0 کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت پبلک ٹرانسپورٹ کی شروعات کے علاوہ پانچ ماہ بعد مندروں کے دروازے بھی کھول دیے گئے ہیں۔
خیال رہے معمولات زندگی کی بحالی کا آغاز جولائی میں ہوا تھا اور حکومت نے آہستہ آہستہ اس میں نرمی دینا شروع کردی اور اب پبلک ٹرانسپورٹ سروس شروع کرنے، تمام مذہبی مقامات، شاپنگ مالز، شو رومز، پارکس، جمز، بغیر ناظرین کے اسٹیڈیموں کو کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلی ای پلانی سوامی نے ضلع مجسٹریٹس، میڈیکل پینل اور صحت عامہ کے ماہرین سے ملاقات کے بعد لاک ڈاؤن میں نرمی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہا نگر ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایم ٹی سی) جو بیس ہزار سے زیادہ بسیں چلاتا ہے لاک ڈاؤن کے بعد ایک بار پھر سڑکوں پر کام کرنے کے لیے تیار ہے۔
اضلاع کے اندر پرائیویٹ بسوں کے چلانے کی اجازت ہے لیکن آپریٹرز کے مختلف اضلاع کے درمیان بسیں چلانے کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اہم خبروں پر ایک نظر
چنئی میٹرو سروس سات ستمبر سے بحال ہوگی، جبکہ حالات کا جائزہ لینے کے بعد 15 ستمبر سے الیکٹرک ملٹی پل یونٹ (ای ایم یو) ریل سروس کا بھی آغاز کیا جائے گا۔
ان لاک 4.0 میں دی گئی ایک اہم رعایت (دو اضلاع کے درمیان سفر کرنے کیلیے)) ای پاس سسٹم کو ہٹائے جانے کے علاوہ اتوار کے دن عائد کی جانے والی پابندیوں کو بھی ہٹالیا گیا ہے۔
اسی کے ساتھ ہی تمام دکانوں کے کھولنے کے وقت کو ایک گھنٹہ بڑھا کر رات کے آٹھ بجے تک کردیا گیاہے۔
ضلع انتظامیہ سے اوٹی، کوڈائی کنال اور یرکوڈ جیسے ہل اسٹیشنوں کے سفر کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
مارچ سے معطل فلموں کی شوٹنگ دوبارہ شروع کرنے کی اجازت دی گئی ہے، جس میں ایک وقت میں 75 سے زائد افراد کو جمع ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گھریلو پروازوں کی لینڈنگ کی تعداد 25 سے بڑھا کر 50 کردی گئی ہے۔
تمام اسکولز، کالجز، تفریحی پارکس، مذہبی تقاریب، بین الاقوامی فضائی خدمات ( مرکز کی جانب سے اجازت یافتہ کے علاوہ )، تھیٹر، بار، ساحل، چڑیا گھر اور عجائب گھر 30 ستمبر تک عام لوگوں کے لیے بند رہیں گے۔