لیبیا میں اقوام متحدہ کے ایک ترجمان کے مطابق طرابلس کے ایک حراستی مہاجر کیمپ میں فضائی حملہ کیا گیا، جس میں 40 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ حملے میں 80 افراد زخمی ہو ئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق زخمی افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت نے اس حملے کے لیے باغی رہنما خلیفہ حفتر کی لیبین نیشنل آرمی کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے اور اس کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔
خبررساں ایجنسی اے پی کے مطابق خلیفہ حفتر کی لیبین نیشنل آرمی نے اس پر تاحال کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق لیبین نیشنل آرمی نے حراستی مہاجر کیمپ کے قریب ایک فوجی اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔
مرنے والوں میں زیادہ تر ایتھوپیا، سوڈان اور صومالیہ کے مہاجر شامل ہیں۔
خلیفہ حفتر کی سربراہی والی لیبین نیشنل آرمی نے گزشتہ برس اپریل سے اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ حکومت کے خلاف شدید حملہ شروع کیا ہے۔
لیبین نیشنل آرمی نے مشرقی اور جنوبی لیبیا کے زیادہ تر حصے کو اپنے کنڑول میں کر لیا ہے۔