اترپردیش کے ضلع مہوبہ میں سرکاری میڈیکل کالج کی تعمیر کے لیے زمین کے انتخاب میں تنازعہ پیدا ہوگیا۔
گرام سماج کی خالی پڑی زمینوں کو منتخب کرکے اس پر میڈیکل کالج کی تعمیر کی تجویز کا زمین مافیا مخالفت کررہے ہیں۔
اس ضمن میں ضلع انتظامیہ پر بھی لچر رویہ اختیار کرنے کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق بندیل کھنڈ کے ضلع مہوبہ میں حکومت نے میڈیکل کالج کھولے جانے کی تجویز کو منظوری دی ہے۔
تین دن قبل انتظامیہ نے اراضی کے انتخاب کی کاروائی کرتے ہوئے ہیڈکوارٹر کے دریبا علاقے میں واقع گرام سماج کی خالی پڑے پلاٹ پر میڈیکل کالج کے لیے تجویز تیار کر کے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بھیجا تھا۔
اس تجویز کو حکومت کے پاس بھیجے جانے سے قبل ہی زمین مافیاؤں کے ذریعہ ہنگامہ کھڑا کرنے اور زمین پر اپنا قبضہ بتانے کی وجہ سے تنازعہ پیدا ہوگیا۔
ایس ڈی ایم پونم نگم نے بتایا کہ حکومت نے میڈیکل کالج کے قیام کے لئے 20 ایکڑ زمین مانگی ہے۔ انتظامیہ کے ذریعہ اس کے لیے ہیڈکوارٹر پر چھتر پور روڈ ، راٹھ روڈ اور چرکھاری روڈ پر کرہرا گاؤں کے نزدیک گرام سماج کی خالی پڑی اراضی کا انتخاب کیا ہے۔
الزام ہے کہ گرام سماج میں درج ہونے کے باوجود مبینہ زمین مافیاؤں کے اشارے پر ضلع انتظامیہ کے افسران کے ذریعہ بغیر کسی ثبوت کے متنازعہ قرار دے کر دوسری جگہ کی زمین کے انتخاب کی کوشش کی جارہی ہے۔
وہیں اس معاملے میں ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سہ دیو کا کہنا ہے کہ میڈیکل کالج کے لیے زمین کے انتخاب میں سبھی متبادل پر غور کرنے کے بعد ہی کوئی حتمی فیصلہ کیا جائےگا۔