اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری نے بھارت اور پاکستان سے امن قائم رکھنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل شملہ سمجھوتے کے تحت ہونا چاہیے۔
سکریٹری جنرل کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب بھارتی حکومت نے جموں وکشمیر کو خصوصی ریاست کا درجہ دینے والی آئین کے دفعہ 370 کو ختم کردیا ہے۔
پاکستان نے بھارت کے اس قدم کو ' یکطرفہ اور غیر قانونی' قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ وہ اس معاملے کو اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل میں لے جائے گا۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافے کا باعث بن سکتی ہیں، کشمیر پر اقوام متحدہ کا مؤقف سلامتی کونسل کی قراردادوں اور چارٹر کے اصولوں پر مبنی ہے۔
وہیں اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارتی اقدام سے خطے کا امن متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدام کے خلاف ہر فورم پر بھرپور آواز اٹھائی جائے گی اور اس کے تعلق سے دنیا کو آگاہ کیا جا رہا ہے۔