وزارت خارجہ کے ترجمان انوراگ شریواستو نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ہم نے پاکستان کے غیرقانونی اور بزور قبضہ والے بھارتی علاقے کے نام نہاد گلگت بلتستان خطے میں واقع انمول بھارتی بدھ ورثے کے ساتھ تخریب کاری اور انہدام کی اطلاعات پر حکومت پاکستان کو اپنی سنگین تشویش بھیج دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک بات ہے کہ پاکستان کے غیرقانونی قبضے والے بھارت علاقے میں بدھ مت کی نشانیوں کو تباہ کیا جا رہا ہے، مذہبی، ثقافتی حقوق اور آزادی کو بے رحمی سے کچلا جا رہا ہے۔ اتنے قدیم ثقافتی اور تہذیبی ورثے کو تاراج کرنے والے اس طرح کی بنیاد پرستانہ سرگرمیاں انتہائی قابل مذمت ہیں۔
مسٹر سریواستو نے کہا کہ ہم نے پاکستان سے کہا ہے کہ وہ اس انمول آثار قدیمہ کے ورثے کے تحفظ اور بحالی کے لیے اپنے ماہرین کو فوری طور پر وہاں جانے کی اجازت دے۔ ہم نے ایک بار پھر پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ غیرقانونی طور پر قبضے والے علاقوں کو فوری طور پر خالی کرے اور وہاں مقیم افراد کے سیاسی، معاشی اور ثقافتی حقوق کی سنگین پامالی کو بند کرے۔