ان 7 بھارتیوں کے اغوا ہوجانے کی خبر موصول ہوتے ہی ان کے اہلخانہ میں بے چینی کا ماحول ہے، اس متعلق اہلخانہ نے سینٹرل ڈسٹرکٹ کے پرساد نگر تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔اور ڈی ایس پی سینٹرل دہلی، سی پی دہلی کے ساتھ ہی وزیر اعظم ، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ سے مدد کی اپیل کی ہے۔
اس معاملے میں بھارتی سرکار لییبیا کی حکومت سے رابطے میں ہے، اور تمام بھارتیوں کو ڈھونڈنے کی کوشش جاری ہے۔
اغوا ہوئے بھارتی شہریوں کے نام مہیندر سنگھ، وینکٹ بتچالا، شاہ اجے، عبودی ابراہیم بھائی ملتانی، دانایا بودھو، منا چوہان اور جوگا راؤ بتچالا ہیں، یہ تمام افراد راجیندر پیلس واقع این ڈی انٹرپرائزیز کمپنی کی جانب سے لیبیا میں آئرن ویلڈر کے طور پر کام کرنے ایک برس قبل لیبیا گئے تھے، ایک برس کام کرنے کے بعد انہیں بھارت واپس آنا تھا، لیکن راستے میں ہی ان سب کو اغوا کرلیا گیا ہے۔
اغوا ہوئے منا چوہان کے ایک رشتہ دار للن پرساد نے بتایا کہ منا چوہان ایک برس قبل ویلڈر مین کے طور پر کام کرنے کے لیے لیبیا گیا تھا، جہاں سے وہ ایک برس کام کرنے کے بعد بھارت واپس آنے والے تھے۔17 ستمبر کو ان کی فلائٹ لیبیا کے تری پولی ائیرپورٹ سے استنبول، پریس ہوتے ہوئے نئی دہلی آنا تھا۔ وہ تمام افراد اپنی کمپنی سے ائیرپورٹ کے لیے روانہ ہوئے تھے، جہاں انہیں راستے میں ہی بدمعاشوں نے اغوا کرلیا۔