کرائسٹ چرچ کے النور مسجد کے آس پاس آج بھی کافی لوگوں نے پہنچ کر پھولوں کے ساتھ مقتولین کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس دردناک حملے کے بعد نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے آج مسجد کا دورہ کیا اور متاثرین سے ملاقات کی ۔ملاقات کے دوران اظہار ہمدردی کے ساتھ متاثرین سے صبر کی تلقین کی۔ انہوں نے اس موقع پر لواحقین کے اہل خانہ کو یقین دہانی کرائی کہ وہ دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے انہوں نے کہا کہ اس ناگہانی حالات میں عوام کا امن وامان قائم رکھنا ملک کے لیے سب سے بڑی بات ہے۔
اس معاملے میں کرائسٹ چرچ ہسپتال کے ڈاکٹر نے زخمیوں کے معائنہ کے بعد بتایا کہ یہاں 34 زخمیوں کو داخل کیا گیا تھا جس میں سے 2 زخمیوں کو چھٹی دے دی گئی ہےجبکہ 12 زخمیوں کو انتہائی نگہداشت والے کمرے میں رکھا گیا ہے اور بقیہ لوگوں کا بھی علاج جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ زخمیوں کو بہتر علاج دستیاب کرائیں اور انہیں جلد سے جلد گھر روانہ کیا جا سکے۔
مساجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے کے بعد نیوزی لینڈ کے باشندوں نے انسانیت کی مثال پیش کرتے ہوئے چرچ میں بھی دعائیہ مجلس کا اہتمام کیا اور ہلاک شدگان کو خراج عقیدت پیش کیا۔