حج فارم پُر کرنے کے عمل میں مزید سہولیات اور شفافیت لانے کے لیے حکومت ہند نے عازمین حج کو صرف آن لائن فارم بھرنے کی ہدایت دی ہے۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے ایگزیکٹیو افسر اشفاق احمد عارفی نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ حج سنہ 2020 کے فارم بھرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان کی صدارت میں ایک میٹنگ بلائی گئی جس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ رواں برس حج فارم بھرنے کے لیے نئے طرز عمل کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے اس موقع پر درخواست گزار عازمین کی تمام تر دشواریوں کو دور کرنے کے لیے حج منزل(حج ہاؤس) میں ای سہولیات سینٹر قائم کرنے کا اعلان کیا۔
اشفاق احمد عارفی نے مزید بتایا کہ آن لائن فارم بھرنے اور دستاویزات سے لے کر فوٹو گرافی تک تمام تر جدید سہولیات ایک ہی چھت کے نیچے دستیاب ہوں گی۔
قابل ذکر ہے کے امسال درخواست گزار عازمین کو آن لائن فارم بھرنے کے بعد ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں اپنے فارم اور مطلوبہ دستاویزات کی کاپی جمع کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، جبکہ اس سے قبل عازمین حج کو آن لائن فارم بھرنے کے بعد مطلوبہ دستاویزات ریاستی حج کمیٹی کے دفتر میں جمع کرانا ہوتا تھا۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین عاصم احمد خان نے بتایا کہ آج سے یعنی 10 اکتوبر تا 10 نومبر تک عازمین حج کے لیے دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی اپنی خدمات فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ عازم حج صرف اپنا پاسپورٹ لے کر حج کمیٹی جائیں جہاں ان کا میڈیکل وغیرہ بھی کرکے دیا جائے گا، یعنی فارم بھرنے کے تعلق سے تمام تر کام ایک ہی چھت کے نیچے انجام دیے جائیں گے۔
عاصم احمد خان نے مزید کہا کہ' حج کمیٹی کے ملازمین پیر تا جمعہ صبح دس سے لے کر شام پانچ بجے تک اپنی خدمات انجام دیں گے'۔