کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے نریندر مودی حکومت پر حملہ جاری رکھتے ہوئے ہفتےکو عالمی بھوک انڈیکس 2020 کے سلسلے میں نشانہ لگاتے ہوئے کہا کہ بھارت کا غریب بھوکا ہے کیونکہ حکومت صرف اپنے کچھ خاص دوستوں کی جیبیں بھرنے میں لگی ہے۔
جمعہ کو جاری عالمی بھوک انڈیکس 2020 کے 117 ملکوں میں بھارت کا 94واں مقام ہے جبکہ انڈونیشیا، پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش اس کے مقابلے میں کہیں بہتر پائیدان پر ہیں۔ مسٹر گاندھی نے اس سلسلے میں شائع ایک گراف کو اپنے ٹویٹر پر شیئر کیا اور مرکزی حکومت پر حملہ کرتے ہوئے لکھا، 'بھارت کا غریب بھوکا ہے کیونکہ حکومت صرف اپنے کچھ خاص دوستوں کی جیبیں بھرنے میں لگی ہے'۔
انڈیکس کے مطابق انڈونیشیا 70،نیپال 73، بنگلہ دیش 75 اور پاکستان 88 ویں پائیدان پر ہے۔مسٹر گاندھی نے کل کورونا سے معیشت کو لگے جھٹکوں کے سلسلے میں مرکزی حکومت پر حملہ کیا تھا۔ انہوں نے ایک گرافکس شیئر کرتے ہوئے مودی حکومت پرطنز کیا،’’بی جےپی حکومت کی ایک اور پختہ کامیابی،پاکستان اور افغانستان نے بھی بھارت سے بہتر ڈھنگ سے کووڈ کا انتظام کیا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیے
بہار: عظیم اتحاد کا انتخابی منشور جاری، 10 لاکھ نوکریوں کا وعدہ
وائیناڈ سے رکن پارلیمنٹ مسٹر گاندھی نے دو دن پہلے ٹویٹ کرکے کہا تھا 'فی کس مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) کی بنیاد پر بنگلہ دیش جلد ہی بھارت کو پچھاڑ دے گا۔ اس میں انہوں نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے اعدادو شمار کا حوالہ دیا تھا۔ حکومت کے ذرائع نے اس پر جواب دیتے ہوئے مسٹر گاندھی کے دعووں کو غلط بتایا تھا۔