کانگریس پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے فون ٹیپنگ سے سیاست میں شدت آگئی ہے۔ کانگریس اب ایک کے بعد ایک مودی سرکار پر الزام عائد کررہی ہے۔ وزیر اعلی اشوک گہلوت نے پیر کے روز فون ٹیپنگ پر مودی سرکار پر تنقید کی۔
انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے اپوزیشن کے رہنماؤں کے ساتھ حال ہی میں ہماری جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کے فون کو ٹیپ کیا ہے، اس سلسلے میں تفتیش کے لیے ایک علیحدہ کمیشن تشکیل دی جانی چاہیے۔ نیز یہ بھی معلوم کرنا چاہیےکہ اب تک کن رہنماؤں کی فون ٹیپنگ کی جا چکی ہے۔
گہلوت نے کہا کہ ایسے کام کرکے جمہوریت کو کمزور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ حزب اختلاف کے رہنماؤں کو اس طریقے سے پھنسایا جارہا ہے۔
حکومت کو چاہیے کہ ملک کے مسائل بیروزگاری، مندی پر توجہ دے، لیکن حکومت اپوزیشن رہنماؤں کے فون ٹیپ کرنے میں مصروف ہے۔