آندھرا پردیش کے ضلع اننت پور میں سرکاری اسپتال میں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا۔ گزشتہ شب تقریباً 12بجے کووڈ وارڈ سے متصل ریکارڈ روم میں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ بھڑک اٹھی۔
کووڈ وارڈ میں کورونا کے 24 متاثرین کا علاج چل رہا تھا۔ اس واقعہ کے ساتھ ہی چوکس طبی اہلکاروں نے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کو اطلاع دی۔
فائر بریگیڈ کے اہلکار وہاں پہنچے جنہوں نے فوری طورپر آگ پر قابو پایا جس کے نتیجہ میں ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔
اسسٹنٹ کلکٹر سوریہ، ضلع ایس پی ستیہ ایسوبابو اور اننت پور کے رکن اسمبلی وینکٹ رامی ریڈی نے مقام واقعہ پہنچ کر راحت کاموں کی نگرانی کی۔
اس واقعہ کے بعد کووڈ 19 کے مریضوں کو دوسرے وارڈ منتقل کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کلکٹر سوریہ نے یہ بات بتائی۔
اس واقعہ میں کسی کے جھلسنے، زخمی ہونے یا پھر موت کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'چوکسی کی وجہ سے ایک بڑا واقعہ ٹل گیا۔ مستقبل میں اس طرح کے واقعہ کو روکنے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں گے'۔
واضح رہے کہ ملک میں کورونا وبا (کووڈ۔19) کا قہر رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور منگل کی دیر رات تک انفیکشن کے 61 ہزار سے زیادہ نئے معاملے سامنے آنے سے متاثرین کی مجموعی تعداد 32.26 لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اسی کے ساتھ 1020مریضوں کی موت سے ان کی تعداد بڑھ کر 60ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔