انھوں نے ایسے تمام افراد کے ساتھ بھی اظہار افسوس کیا جو آگ کی چپیٹ میں آکر بری طرح جھلس گئے ہیں اور زخموں کی تکلیف سے کراہ رہے ہیں۔ انھوں نے ان کی صحت یابی کی دعاؤں کے ساتھ عام لوگوں سے بھی دعائے صحت کی اپیل کی ہے۔
![Fire accident: A delegation of the National Council will meet the Minister of State](https://etvbharatimages.akamaized.net/etvbharat/prod-images/del-05-millic-council-7203388_10122019000827_1012f_1575916707_1060.jpeg)
ڈاکٹر منظور عالم نے اپنے بیان میں فائر بریگیڈ کے ذمہ دارانہ رول کی بھی ستائش کی ہے اور حکومت دہلی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے تمام گھنے علاقوں میں جہاں آتشزدگی کے واقعات اور نقصانات کا اندیشہ ہے، وہاں قریب کے علاقوں میں فائر بریگیڈ اسٹیشنوں کے قیام پر بھی ترجیحی توجہ دینی چاہیے۔
حادثہ کے عوامل وعواقب پر گہری نظر رکھنا حکومت اور علاقائی میونسپل کارپوریشنوں کی ذمہ داری ہے۔ ملی کونسل صوبہ دہلی کے ذمہ داران، مہلوکین کے خاندانوں کے ساتھ جہاں اظہار تعلق وہمدردی کر رہے ہیں، وہیں علاقہ کے ایس ایچ او سے بھی ملاقات کی اور ہاسپٹلوں میں زیر علاج ومتاثرین سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، 43 اموات میں سے 42 کی شناخت ہو چکی ہے۔
ساتھ ہی ساتھ دہلی کے کابینی وزیر عمران حسین سے بھی ملاقات کر کے اس سلسلے میں ضروری امداد کی فراہمی اور زخمیوں کے علاج ومعالجہ کے لیے بھی ان کو بروقت توجہ دلائیں گے۔
ملی کونسل صوبہ دہلی کے وفد میں صدر ریاستی کونسل ڈاکٹر پرویز میاں، مہربان قریشی (سرپرست)، امتیاز احمد، شکیل احمد، جان عالم، نوشاد عالم کے علاوہ دیگر اراکین کونسل شامل ہیں۔
آل انڈیا ملی کونسل نے ایسے المناک حادثہ پر جہاں ارباب حکومت کو متوجہ کراتے ہوئے ان کی ذمہ داریوں کو یاد دلایا ہے، وہیں ارباب سیاست کو متنبہ کیا ہے کہ ایسے وقت میں کسی قسم کی سیاست سے گریز کیا جائے اور انسانی بنیادوں پر مہلوکین کے خاندانوں کے ساتھ پوری اخلاقی ومالی امداد کی جائے نیز ایسے خاندانوں کے افراد کے ساتھ ایماندارانہ انداز میں انھیں معاوضے دیے جائیں، تاکہ ان کے اندر جینے کا حوصلہ پیدا ہو سکے۔