تلگو دیشم پارٹی (ٹی ڈی پی) کے قومی صدر این چندرا بابو نائیڈو نے آندھرا پردیش حکومت کو کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی دوسری لہر سے لوگوں کی جانوں کو بچانے کے لئے مزید سنجیدہ کوششیں کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
نائیڈو نے الزام لگایا کہ آندھرا پردیش کے وزیراعلی وائی ایس جگن موہن ریڈی حفاظتی اقدامات پر بالکل بات نہیں کررہے ہیں اور انفیکشن کے خطرے سے قطع نظر اسکولز، تھیٹرز اور شراب کی دکانوں کو دوبارہ کھولنے میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔
کورونا واریئرس اور مالی طور پر متاثرہ افراد کے ساتھ 'اے پی فائیٹ کورونا' آن لائن فورم میں ٹی ڈی پی سربراہ نے کہا کہ حکومت کو معاشی بحالی کے اقدامات کے ساتھ ساتھ مہلک وائرس کے خلاف جنگ پر بھی اتنا ہی زور دینا چاہئے۔
چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ 'دوسری لہر کے انفیکشن کے تباہ کن اثر کو مؤثر طریقے سے روکنے کے لئے مؤثر کلسٹر پر مبنی نقطۂ نظر ضروری ہے'۔
انھوں نے کہا ہے کہ 'گزشتہ چند دنوں سے صحت کی سنگین پیچیدگیوں اور زیادہ سے زیادہ اموات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اس پس منظر میں کسی بھی ریاست، ملک یا معاشرے کی مستقبل کی معاشی و اقتصادی بحالی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ وہ کووڈ کے بعد کے اقدامات کو کس حد تک بہتر انداز میں کر پائے گا؟'۔
'حکومت کو کورونا انفیکشن سے متعلق حقائق بتانا چاہئے اور وائرس کے خطرے سے لوگوں کو بروقت آگاہ کرنا چاہیے'
'حکومتوں کو معاشرے کے لاچار طبقوں کو اس انسانیت سوز بحران سے نجات دلانا چاہئے۔ ایک ذمہ دار فریق کی حیثیت سے ٹی ڈی پی نے بیداری پھیلانے کے لئے چار ویبنرز کئے۔ ٹی ڈی پی کی طرف سے شروع کیا گیا ویب سائٹ www.apfightscorona.com اس نوعیت کا پہلا پلیٹ فارم ہے'۔
واضح رہے کہ ریاست آندھرا پردیش کے محکمہ صحت کے مطابق ریاست میں کورونا کے تصدیق شدہ 73،6،824 معاملات ہیں۔ جن میں 48،661 فعال معاملات ہیں۔ وہیں کورونا سے متاثر ہونے کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 68،2035 ہیں، اور 6،182 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔