بھارتی مسلمانوں کی سب سے بڑی تنظیم آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کی جانب سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ نماز جمعہ مسجد میں ادا نہ کی جائے۔ بلکہ انفرادی طور پر لوگ اپنے گھروں میں نماز ظہر ادا کریں۔
آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے آفیشیل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر لکھا گیا ہےکہ ’’کورونا وائرس کی وجہ سے ملک گیر لاک ڈاؤن کے دوران تمام مسلمانوں سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ مساجد میں جمعہ کی نماز کے بجائے گھروں میں ظہر کی نماز ادا کریں۔‘‘
مزید یہ بھی لکھا گیا ہے کہ دوسروں کو ممکنہ نقصان سے محفوظ رکھنا شریعت میں واجب ہے۔
اس کے علاوہ پرسنل لا بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ البتہ تین چار لوگ مساجد کو مستقل آباد رکھیں، انھیں خالی نہ چھوڑیں۔
اس کے علاوہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے جنرل سکریٹری اور امارت شرعیہ کے امیر شریعت مولانا سید محمد ولی رحمانی نے بھی لوگوں سے جمعہ کی نماز ملتوی کرنے کی اپیل کی ہے۔