ریاست مہاراشٹر کے پاورلوم صنعتی شہر بھیونڈی میں کورونا کے علاج کے لئے خصوصی طورپر بنے کووِڈ -19اندرا گاندھی میموریل اسپتال کے ایک ڈاکٹر کی کورونا مثبت ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انھیں علاج کیلئے ممبئی کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔متاثرڈاکٹر کے رابطے میں رہنے والے چیف میڈیکل آفیسر سمیت آئی جی ایم اسپتال کے 8 اہلکار کورنٹائن ہوگئے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ ممبئی آمد ورفعت کے دوران ڈاکٹر کی طبیعت بگڑنے پر جب ان کی طبی جانچ کرائی گئی تو ان کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی۔
اس خبر سے جہاں اسپتال کے عملے میں ایک قسم کی تشویش ہے۔وہیں مریض بنے ڈاکٹر کے رابطے میں رہنے والے اسپتال کے اہلکاروں،چیف میڈیکل آفیسرسمیت آئی جی ایم اسپتال کے 8 اہلکار عملہ شہرمیں واقع اشوک ہوٹل میں کورنٹائن ہو گئے ہیں۔
اسپتال کے سپرٹنڈنٹ ڈاکٹر انیل تھورات نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو فون پر اسکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے ڈاکٹر زیادہ تر انتظامی امور دیکھا کرتے تھے۔انھوں نے کہا کہ متاثر ڈاکٹر کے رابطے میں رہنے والے محکمہ صحت کے سبھی اہلکاروں کو جانچ کے بعد ہی خدمات پر واپس لایا جائے گا۔