ڈائرکٹوریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن ’ڈی جی سی اے‘ نے آج ایک سرکلر میں اس کی وارننگ دیتے ہوئے ہوائی اڈہ کے آپریٹروں کو جنگلی جانوروں اور پرندوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اختیار کئے جانے والے اقدامات میں کوئی نرمی نہیں دینے کی ہدایت دی ہے۔
اس میں کہا گیا ہے کہ ہوائی اڈوں پر طیاروں کی نقل و حرکت میں کمی اور ملازمین کی کم تعداد کے پیش نظر ہوسکتا ہے گھاس کی کٹائی، پرندوں کی سرگرمیوں پر نگرانی کے لیے گشت وغیرہ کم ہورہی ہے۔ اس سے ہوائی اڈہ کمپلکس اور آس پاس پرندوں اور جنگلی جانوروں کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوسکتا ہے، اس لیے ہوائی اڈہ آپریٹرز کو پہلے ہی کی طرح پرندوں، جنگلی جانوروں کو کنٹرول کرنے کے اقدامات جاری رکھنے کی صلاح دی جاتی ہے۔
ڈی جی سی اے نے کہا کہ ہوائی اڈے عام طور پر شہرو ں کے مصروف علاقوں سے دور ہوتے ہیں۔ کئی بار ان کے آس پاس پانی کے ذخائر بھی ہوتے ہیں۔ان اسباب سے پرندوں کو یہ علاقے راغب کرتے ہیں۔ یہی پرندے طیاروں کے لیے خطرہ ہوسکتے ہیں۔
موجودہ حالات میں طیاروں کی نقل و حرکت کم رہنے سے پرندوں اور دیگر جنگلی جانوروں کے گھومنے کا دائر ہ بڑھ جانے کا اندازہ ہے۔