راجدھانی نئی دہلی کے ساکیت علاقے میں نگر نگم اسپتال کے ڈاکٹر جے پی یادو کو ٹکر مارنے والے تینوں کار سواروں - وجے، سندیپ اور اجے - کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔
جنوبی دہلی میں پولس سپرانٹنڈنٹ اتل ٹھاکر نے بتایا کہ تیز رفتار کار نے راستے میں سائیکل سوار ڈاکٹر کو ٹکر مار دی تھی جو بعد ازاں زخموں کی تاب نہ لاکر اسپتال میں دم توڑ گئے تھے۔
پولس نے چھان بین کے بعد تین لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ان میں سے وجے کار چلا رہا تھا۔
واضح رہے کہ مہرولی پالی تکنیک کے کووڈ اسکریننگ سینٹر میں تعینات ڈاکٹر کی سڑک حادثے میں موت ہو گئی تھی۔ پولس نے بتایا تھا کہ نامعلوم کار نے ان کی سائیکل کو ٹکر مار دی تھی۔
پولس نے بتایا کہ ڈاکٹر جے پی یادو مہرولی میں واقع ایس ڈی ایم سی ڈسپنسری میں تعینات تھے۔ ان کی کار میں کچھ تکنیکی خرابی آگئی تھی اور لاک ڈاؤن کے وجہ سے وہ اسے ٹھیک نہیں کرا پا رہے تھے اس لئے انہوں نے سائیکل سے کام پر جانے کا فیصلہ کیا تھا۔
پولیس کے مطابق 13اپریل کو ڈیوٹی کے بعد جب ڈاکٹر یادو واپس گھر جا رہے تھے تبھی مالویہ نگر لال بتی سے دائیں مڑتے ہی ایک کار نے پیچھے سے ان کی سائیکل کو ٹکر مار دی۔ زخمی حالت میں ڈاکٹر یادو کو ساکیت میں واقع میکس اسپتال میں بھرتی کرایا گیا جہاں علاج کے دوران ان کی موت ہوگئی۔
پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر کار نمبر کا پتہ چلا کہ گاڑی کا مالک ہریانہ کے روہتک کا رہنے والا ہے۔
پولیس معاملے کی مزید جانچ کر رہی ہے۔