کووڈ-19 وبا کے پیش نظر مرکزی حکومت کے حکم پر ریلوے نے سبھی باقاعدہ مسافر ٹرینوں کو بند کردیا ہے اور ان کی جگہ پوری طرح ریزرو سیٹوں والی 230 اسپیشل ٹرینیں چلائی گئی ہیں تاکہ بہت ضروری کام سے آنے جانے والوں کو سہولت مل سکے۔
لاک ڈاؤن سے قبل ملک میں روزانہ 2800 سے زیادہ میل ایکسپریس ٹرینیں چل رہی تھیں، ساتھ ہی پیسنجر ریل گاڑیاں مختصر اور درمیانے فاصلہ کے مسافروں کی ضرورتیں پوری کر رہی تھیں، ایسے میں ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کا مطالبہ مسلسل ہورہا ہے۔
ریلوے کے محکمہ اطلاعات و تشہیر کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آر ڈی واجپیئی نے بتایا کہ مرکزی وزارت داخلہ، وزارت صحت اور ریاستی حکومتوں کے ساتھ اس پر تبادلہ خیال جاری ہے، ان کی طرف سے ہری جھنڈی ملتے ہی نئی ٹرینیں شروع کی جائیں گی۔
ایک ورچوئل پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومتوں کی رائے جاننا اس لیے ضروری ہوجاتا ہے کیونکہ کہاں کووڈ-19 کے زیادہ معاملے آرہے ہیں اور کہاں کنٹینمنٹ زون ہیں اس کی معلومات ریاستی حکومتوں سے ہی ملے گی اور نئی ٹرینوں کی فہرست تیار کرکے انہیں چلانے پر فیصلہ اسی ماہ کر لیا جائے گا۔