کانگریس نے بی جے پی پر دفاعی سودے میں بد عنوانی کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی کے سابق صدر بنگارو لکشمن اور اتحادی سمتا پارٹی کی رہنما جیا جیٹلی کو دفاعی خریداری میں بدعنوانی کے سبب ملنے والی سزا سے واضح ہوگیا ہے کہ بی جے پی سرکار میں جوابدہی اور شفافیت نہیں ہے اور وہاں صرف رشوت خوری چلتی ہے۔
کانگریس ترجمان جے ویر شیرگل نے جمعہ کو پریس کانفرنس میں کہا کہ رفائل جنگی طیارہ سودے میں بھی بد عنوانی ہوئی ہے اور جب بھی مرکز میں سرکار بدلے گی اس معاملے کی جانچ ہوگی تب بی جے پی کا ایک اور دفاعی گھپلہ ملک کے سامنے آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے دفاعی سودے میں بدعنوانی سے واضح ہوگیا ہے کہ اس کی قوم پرستی محض ایک دکھاوا ہے۔ ملک کی سیکورٹی سے سمجھوتہ کرنا اس کی پالیسی کا حصہ ہے، بی جے پی نے پیسہ بناؤ پالیسی اور خود کی جیب مضبوط کرنے کی پالیسی کے تحت دفاعی قرار کیا ہے۔ بی جے پی سرکار نے قانون پر عمل کرنے کی جگہ پیسے اور سفارش کو ذہن میں رکھ کر کام کیا ہے۔
شیرگل نے کہا کہ دفاعی سودے میں بی جے پی کے سابق صدر بنگارو لکشمن کا اسٹنگ آپریشن ہوا جس میں وہ ایک لاکھ روپئے لیتے ہوئے کیمرے میں قید ہوئے۔ بدعنوانی کے پختہ ثبوت ہونے کے سبب انہیں سزا ہوئی ہے۔ اب محض دو دن پہلے ہی بی جے پی سرکار میں اس کی اتحادی رہی سمتا پارٹی کی سابق صدر جیا جیٹلی کو دفاعی سودے میں بدعنوانی کے معاملے میں سزا ہوئی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ دہلی کی ایک عدالت نے 115 صفحہ کے اپنے فیصلے میں سمتا پارٹی کی سابق صدر کو قصوروار ٹھہرایا اور کہا کہ انہوں نے وزیر دفاع کے گھر پر پیسہ لیا تھا۔ عدالت نے تقریباً بیس سال پرانے دفاعی سودے میں رشوت کے معاملے میں انہیں چار سال کی قید کی سزا سنائی ہے حالانکہ وہ دہلی ہائی کورٹ گئی تو ان کی عمر کو دیکھتے ہوئے عدالت نے انہیں راحت دی ہے۔