مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ جمعہ کے روز مغربی بنگال کے دکشنیشور کالی مندر پہنچے اور وہاں پوجا کی۔
شاہ پارٹی کے تنظیمی امور کا جائزہ لینے کے لئے 2021 کے اسمبلی انتخابات سے قبل مغربی بنگال کے دو روزہ دورے پر ہیں۔
انہوں نے جمعرات کے روز بانکورہ میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست میں 2021 کے آئندہ اسمبلی انتخابات میں دوتہائی نشستیں حاصل کرے گی حکومت بنائے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ 'میں دیکھ سکتا ہوں کہ کسانوں، قبائلیوں اور یہاں تک کہ عام لوگوں کے لئے کئی مرکزی اسکیموں پر عمل درآمد نہ کرنے پر لوگ موجودہ حکومت سے نالاں ہیں اور اب ان میں بہت زیادہ ناراضگی ہے اور مغربی بنگال میں لوگ گارڈ آف چینج (تبدیلی) کی مانگ کر رہے ہیں۔'
شاہ نے کہا کہ ترنمول کانگریس اپنی متعصبانہ پالیسی اور بدانتظامی کے لئے مشہور ہے اور انہوں نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کی 294 سیٹوں میں سے دو تہائی سیٹوں پر بی جے پی اکثریت کے ساتھ اقتدار میں آئے گی۔
مرکزی وزیر داخلہ نے عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ بنگال کی معیشت، روزگار پیدا کرنے اور معاشرے کے تمام طبقات کے درمیان غربت کے خاتمے کے لئے ریاست میں بی جے پی کی حکومت کو اقتدار میں لائیں۔
شاہ نے کہا کہ یہ بہت بدقسمتی کی بات ہے کہ ممتا بنرجی حکومت کسانوں، قبائلیوں اور یہاں تک کہ عام آدمی کو فائدہ پہنچانے کے لئے مرکزی حکومت کی اسکیموں پر عمل نہیں کر رہی ہے، اگر غریب اور ضرورت مند افراد کو اس کا فائدہ مل جائے تو حکومت کو ڈر ہے کہ اس کا ووٹ بینک کم ہوجائے گا۔
شاہ نے کہا کہ 'ممتا جی، آپ مرکز کی آیوشمان بھارت سمیت دیگر کئی اسکیموں پر عمل درآمد کیوں نہیں کر رہی ہیں اور میں کہتا ہوں کہ براہ کرم ان اسکیموں کو نافذ کریں اور پھر لوگ انتخابات کے دوران آپ کے بارے میں ایک بار پھر سوچیں گے۔'