سی بی آئی نے اترپردیش کے اناؤ میں جنسی زیادتی کے ملزم بی جے پی کے رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر کی رہائش گاہ اور تقریباً 15 دیگر مقامات پر چھاپے ماری کی۔
ذرائع نے بتایا کہ چھاپے ماری اناؤ کے ساتھ لکھنؤ، باندا اور فتح پور میں ایک ساتھ کی جارہی ہے۔ سی بی آئی نے کیس سے متعلق 15 مقامات پر چھاپہ مارا۔ یہ کاروائی صبح سے چل رہی ہے۔
الزام ہے کہ سنہ 2017 میں جنسی زیادتی کی متاثرہ لڑکی کے والد کی بی جے پی کے رکن اسمبلی کے دباؤ میں پولیس حراست میں موت ہوگئی تھی۔
اس کے علاوہ ایک دیگر گواہ کی بھی پراسرار طورپر موت ہو گئی تھی۔
گذشتہ دنوں متاثرہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے گئی تھی۔ اسی دوران راستے میں لوٹتے وقت ایک ٹرک نے اس کی گاڑی کو ٹکر مار دی تھی جس میں متاثرہ کے چچی اور کیس کے ایک اہم گواہ کی موت ہوگئی۔ لڑکی اور اس کے وکیل بری طرح زخمی ہوگئے۔
اسپتال میں لڑکی کا علاج چل رہا ہے اور اس کی حالت نازک بنی ہوئی ہے۔ ڈاکٹروں نے اسے نمونیہ کی شکایت بتائی ہے۔
بعد ازاں معاملہ طول پکڑ گیا اور پارلیمنٹ میں میں اسے اٹھایا گیا۔ اس سلسلے میں سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لیتے ہوئے کیس کی سماعت دہلی میں کروانے کی ہدایت دی اور اس سے متعلق تمام دستاویز طلب کر لیے۔
اسی تناظر میں سی بی آئی مزیددستاویز اکٹھا کرنے کے لیے چھاپہ ماری کر رہی ہے۔