وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس کے ذریعے '50 ۔ 50' فارمولے پر بات نہیں ہونے کی وضاحت پیش کرنے کے سبب یہ میٹنگ منسوخ کر دی گئی۔
چوبیس اکتوبر کو مہاراشٹر اسمبلی انتخابات کے نتائج ظاہر کیے گئے۔ اس کے بعد بی جے پی اور شیوسینا نے پریس کانفرنس منعقد کی۔ اس وقت وزیراعلیٰ نے کہا تھا کہ حکومت اتحاد کی ہی بنے گی لیکن کل دیوالی کے موقعے پر بی جے پی اور شیوسینا کے رہنماؤں نے گورنر سے ملاقات کی جس کے بعد سے الگ الگ خبریں گشت کر رہی ہیں۔
شیوسینا کے رہنما سنجے راؤت نے بتایا کہ 'آج وزیراعلیٰ نے ورشا بنگلے پر میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ '50 ۔ 50' فارمولے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی ہے۔ اس طرح کی بات اگر وزیراعلیٰ کر رہے ہیں تو پھر ہمیں سچ کی اصطلاح بدلنا پڑے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'وزیراعلیٰ نے خود ہی 50 ۔ 50 فارمولے پر بات کی ہے۔ ادھو ٹھاکرے نے یہ کئی بار کہا ہے۔ امت شاہ کے سامنے بھی یہ بات ہوئی تھی لیکن اب یہ کہہ رہے ہیں کہ ایسی کوئی بات نہیں ہوئی تھی۔ کیمرے کے سامنے انہوں نے جو کہا تھا وہ اس سے انکار کر رہے ہیں۔'