بی ایچ یو کے پروفیسر گیتا رائے نے منگل کو صحافیوں کو بتایا کہ پانچ سے چھ گھنٹے کے اندر جانچ عمل کو پورا کرنے والی خصوصی جانچ کٹ کی قیمت تقریبا چار لاکھ روپئے ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ یہ جانچ کی کٹ خاص طور سے 'کووڈ۔19' کا پتہ لگانے میں کافی معاون ہوگی۔اس کی منظوری لینے کے لئے 27مارچ کو درخواست دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سرکاری منظوریاں لینے کا عمل جاری ہے۔کاروائی مکمل ہونے کے بعد جانچ کٹ کو بازار میں پیش کیا جا سکتا ہے۔
پروفیسر رائے نے بتایا کہ جانچ کٹ کے بازار میں آنے کے بعد مقامی سطح کی لیبوریٹریز میں بےحد کم قیمت پر جانچ دستیاب ہو سکتی ہے۔کم قیمت ہونے کی وجہ سے چھوٹے اسپتالوں اور لیبوریٹریز کے لئے بھی کووڈ۔19 جانچ کی کٹ خریدنا آسان ہو سکتا ہے۔ مقامی سطح کی جانچ کا نظم ہونے کے بعد اس مہلک وبا کی بیماری کو روکنے اور علاج میں مدد ملنے کی امیدیں کافی بڑھ گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کے پھیلاؤ کی اطلاع ملنے کے بعد انہوں نے ریسرچ طلبہ کے ساتھ مل کر اس کٹ کو تیار کرنے کا کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ تکنیک کووڈ۔19 جانچ دیگر جانچ تکنیکوں سے الگ نہیں ہے فرق صرف یہ ہے کہ اس کی قیمت کم ہوگی۔
پروفیسر رائے نے بتایا کہ عام طور پر کووڈ۔19 جانچ تکنیک والی مشین تقریبا 20 لاکھ روپئے میں آتی ہے۔ ایسے میں اگر چار لاکھ روپئے کی تکنیک متعارف ہوتی ہے تو مقامی سطح پر کم خرچ میں کورونا وائرس کی جانچ کرنا آسان ہو سکتا ہے۔