کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور کے پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے ٹویٹر پر بتایا کہ 'انتظامیہ نے کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران ضبط شدہ 6،852 سے زیادہ گاڑیوں کو واپس کرنے کا فیصلہ کیا ہے'۔ راؤ نے مزید کہا کہ پہلے پکڑی گئی گاڑیوں کو پہلے واپس کیا جائے گا۔
ایک دوسرے اعلی عہدیدار نے بتایا کہ سٹی پولیس جمعہ کے روز سے کووڈ لاک ڈاؤن کے دوران پکڑی گئی 6،852 سے زیادہ گاڑیوں کو چند شرائط کے ساتھ واپس کرنا شروع کردے گی۔
راؤ نے کہا کہ 'اس اقدام کی منظوری وزیر اعلی بی ایس یدیورپا اور وزیر داخلہ بساوراج بومائی نے دی ہے'۔
انہوں نے کہا ہے کہ 'دستاویزات کی تصدیق کی جائے گی اور گاڑیاں واپس کردی جائے گی۔ اس میں وزیر اعلی اور وزیر داخلہ کی منظوری شامل ہے۔ ہم اس عمل کو آسان بنانے کے لئے کاغذی کارروائی کر رہے ہیں'۔
تاہم راؤ نے انکشاف کرنے سے انکار کیا کہ پچھلے 30 دنوں میں مزید کتنی گاڑیاں ضبط کی گئیں۔