کانگریس کے ریاستی میڈیا کنوینر للن کمار نے اتوار کے روز کہا کہ پارٹی کی جنرل سیکریٹری اور اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا کی ہدایت پر پارٹی کے 136 ویں یوم تاسیس کے دن پیر سے تین روزہ 'کانگریس سندیش پد یاترا' شروع کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ ریاست کے تمام اسمبلی حلقوں میں کھیتوں اور کسانوں کی حفاظت کے لیے یہ پدیاترا سینیئر کانگریس رہنماؤں، عہدیداران اور کارکنان کے ذریعہ نکالی جائے گی جس میں عام عوام بھی شرکت کریں گے۔
ادھر ریاستی کانگریس کے ترجمان اشوک سنگھ نے کہا کہ ان کی پارٹی نئی دہائی میں ایک نئی شروعات کرے گی۔ پارٹی پنچایت انتخابات کے ذریعہ نچلی سطح پر اپنی ساکھ کو مضبوط کرے گی، اس سے پارٹی کو 2022 میں ہونے والے ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے ضروری رفتار اور جرات ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ پارٹی عہدیدار آئندہ تین جنوری سے گاؤں میں رات کے قیام کے بعد کسانوں، نوجوانوں اور عام لوگوں کے مسائل سنیں گے۔ یہ سلسلہ فروری تک جاری رہے گا۔ پارٹی کا مقصد ریاست میں گرام پردھان اور ضلع پنچایت کی بیشتر نشستوں پر کامیابی حاصل کرنا ہے۔
یہاں کانگریس 'سیوا دل کی اترپردیش یونٹ کے صدر پرمود پانڈے نے کہا کہ نئی دہائی میں سیوا دل ایک نئے اوتار میں دکھائی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس تنظیم نے کسانوں تک پہنچنے کے لیے کسان پنچایتوں اور کھاٹ سبھاؤں کا انتظام شروع کر دیا ہے۔