سونی پت: ریاست ہریانہ کے ضلع سونی پت میں ایک بار پھر دو برادریوں کے درمیان کشیدگی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سونی پت کے گاؤں ساندل کلاں میں 15 سے 20 مسلح افراد نے رات کو تراویح کی نماز ادا کرنے والے افراد پر حملہ کیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ حملہ کرنے والے نوجوانوں نے توڑ پھوڑ بھی کی۔ واقعہ کے بعد گاؤں میں بڑی تعداد میں پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ حملہ کرنے والے نوجوانوں میں سے کچھ کی تصویریں بھی سامنے آئی ہیں، جو ہاتھوں میں لاٹھیاں لیے گاؤں کی گلیوں میں گھومتے نظر آ رہے ہیں۔ واقعہ کے بعد ساندل کلاں گاؤں میں کشیدگی کا ماحول ہے اور احتیاط کے طور پر بھاری سکیورٹی فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ حملہ کرنے والے نوجوان بھی ساندل کلاں گاؤں کے رہنے والے بتائے جاتے ہیں۔ واقعے کے پیچھے کی وجہ ابھی تک واضح نہیں ہوسکی ہے۔
مزید پڑھیں:۔ Mob attacks mosque in Gurugram گروگرام کی مسجد میں نماز ادا کر رہے نمازیوں پر حملہ
اطلاعات کے مطابق اس حملے میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں کو علاج کے لیے سونی پت کے سول اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی گاؤں ساندل کلاں میں پولیس کی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔ سونی پت بڑی انڈسٹریل ایریا تھانہ اس معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہے۔ اس سے قبل سونی پت کھرکھوڈہ میں رام نومی کے دن ایک مخصوص مذہب کے مذہبی مقام پر جھنڈا لہرانے کے بعد کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرکے حالات کو قابو میں کرلیا تھا۔