بریلی: ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں پولیس نے پیغمبر اسلام پر نازیبا تبصرہ کرنے والے ملزم دیول عرف گڈو کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ نازیبا تبصرہ کرنے والے ملزم گڈو کو بھوجی پورہ پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ بریلی ضلع کے بھوجی پورہ تھانہ علاقے کے دھوراٹنڈہ قصبے کا رہنے والا پردیپ دیول عرف گڈو ہندو رکھشا دل کا رہنما ہے۔ پردیپ عرف گڈو نے فیس بک پر پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ وسلم پر نازیبا تبصرہ کرکے ماحول خراب کرنے کی کوشش کی تھی۔ Alleged Hindu Raksha Dal leader arrested for making indecent remarks on prophet mohammad
معاملہ کے علم میں آنے کے بعد بھوجی پورہ پولیس اسٹیشن نے فورا تحقیقات شروع کردی۔ بھوجی پور پولس تھانے نے اس معاملے کی جانچ دھوراٹنڈہ چوکی کے انچارج پرمود کمار کو سونپی تھی۔ بھوجی پورہ پولیس اسٹیشن کے انچارج انسپکٹر اکھلیش پردھان نے بتایا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ ملزم پردیپ دیول عرف گڈو کے خلاف مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا۔ فرقہ وارانہ ماحول پیدا کرنے کی کوشش کرنے والوں کو بخشا نہیں جائے گا۔
مزید پڑھیں:۔ Protest Against Nupur Sharma: پریاگ راج اور سہارنپور میں شدید احتجاج، لاٹھی چارج اور پتھراؤ
واضح رہے کہ اس سے قبل بی جے پی کی سابق ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل پر ڈیبیٹ کے دوران پیغمبر اسلام کے خلاف قابل اعتراض تبصرہ کیا تھا جس کے بعد ملک کا ماحول خراب ہو گیا، لوگوں نے نوپور شرما کے خلاف احتجاج کیا اور ان کی گرفتار کا مطالبہ کیا تاہم ابھی تک انہیں گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔ گزشتہ جمعہ کو ملک کے مختلف حصوں میں نوپور شرما کے خلاف احتجاج ہوا، اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی، پولیس نے مظاہرین کو روکنے کے لئے طاقت کا استعمال کیا۔ الزام ہے کہ پولیس کی اس کارروائی میں رانچی میں دو بچوں کی موت ہوگئی ہے۔