ضلع کے سب سے بڑے ہسپتال انوگرہ نارائن ہسپتال میں کورونا متاثرین کے وہ رشتے دار جو انکی دیکھ بھال کے لیے موجود ہیں اور روزہ رکھ رہے ہیں انکے افطار اور سحر کے لیے سماجی رکن اور شہر کے بڑے تاجر بمبئی بازار کے مالک آگے آئے ہیں۔
ہسپتال میں روزہ داروں کے لیے افطار بھیجا جارہا ہے۔ ای ٹی وی بھارت اردو نے گزشتہ روز ایک خبر شائع کی تھی کہ لاک ڈاون ہونے کی وجہ سے ہوٹل اور کھانے وغیرہ کے اسٹال بند ہیں جسکی وجہ سے ایسے افراد جو روزہ رکھ رہے ہیں انہیں کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
اس خبر کے بعد انتظامی سطح پر جہاں معمول کے مطابق عوامی کچن کے تحت کھانا پہنچانے کا دائرہ بڑھا ہے۔ وہیں شہر کے سماجی رکن اور مشہور مال بمبئی بازار کے مالک محمد شبو کی طرف سے ہسپتال میں افطار ، کھانا اور سحری کے پیکٹ پہنچائے جارہے ہیں۔
فیاض خان نے بتایا کہ انہوں نے ای ٹی وی بھارت کی خبر دیکھی تھی جس میں یہاں ہسپتال میں روزہ داروں کو افطار وسحر کے لیے پریشانی کاذکر کیا گیا تھا ، اس کے بعد ہم لوگوں نے افطاری کا انتظام کیا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ مریضوں کے رشتے داروں کو ٹھہرنے کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں۔