ریاست اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں گزشتہ ایک ہفتے میں کورونا انفیکشن کے معاملے جس طرح سے بڑھے ہیں اس کو دیکھتے ہوئے ضلع میرٹھ میں دسویں جماعت تک کے تمام اسکولوں کو 31 مارچ تک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ساتھ ہی محکمہ صحت کے افسران نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے دوسرے صوبوں سے آنے والے مسافروں کی جانچ کے علاوہ سبھی ہسپتالوں کو الرٹ موڈ پر رکھنے کا حکم جاری کیا ہے۔
میرٹھ میں جس طرح سے کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس کے خطرے کے پیش نظر اب بازار میں کاروباری بھی عوام سے اپیل کر رہے ہیں۔ اگر احتیاط نہیں برتی تو ایک بار پھر سے لاک ڈاؤن کے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، جس کو اب عوام برداشت نہیں کر سکے گی۔ ضروری ہے سماجی دوری بنا کر کورونا سے ہونے والے نقصان سے بچا جا سکے۔
ملک میں کورونا انفیکشن کے معاملے ایک بار پھر جس طرح سے بڑھ رہے ہیں اس کو دیکھ کر یہی کہا جا سکتا ہے کہ عوام کو بھی اب اس سے بیدار ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ملک میں لاک ڈاؤن جیسے حالات دوبارہ سے نہ پیدا ہو سکیں۔