ان مساجد کی تعمیر کے لیے مسلم قائدین، علماء کرام اور مذہبی و سماجی تنظیموں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیا تھا کہ یہ تین مساجد کی دوبارہ تعمیر شروع کی جائے۔ وزیراعلی نے ایوان اسمبلی میں کہا تھا کہ مساجد کا سنگ بنیاد رمضان المبارک سے قبل رکھا جائے گا لیکن ابھی تک مساجد کا سنگ بنیاد نہیں رکھا گیا ہے۔
اس ضمن میں آل انڈیا صوفی علماء کونسل نے اردو گھر مغل پورہ میں کل جماعتی اجلاس منعقد کیا جس میں علماء و مشائخ اور سماجی شخصیتوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر آل انڈیا صوفی علماء کونسل خیرالدین صوفی نے یہ اعلان کیا کہ رمضان المبارک میں وزیراعلیٰ کی جانب سے افطار پارٹی و رمضان پیکیج دیا جاتا ہے مسلمان وہ قبول نہ کریں۔
اس موقع پر خیرالدین صوفی نے کہا کہ مسجد یکخانہ عنبرپیٹ اور سیکریٹ کی مساجد کا سنگ بنیاد رکھنے کا وعدہ کر کے ان مساجد کی تعمیر کو ٹالا جارہا ہے جو مسلمانوں کے ساتھ کھلی سازش ہے۔
وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ صرف زبان سے مسلمانوں سے ہمدردی کی بات کرتے ہیں جبکہ مسلمانوں کے آثار ختم رہے ہیں۔ مسلمان صرف وزیر اعلی سے وعدے سن رہے ہیں لیکن ان پر عمل نہیں کیا جارہا ہے۔
انہوں نے مسلمانوں سے اور تمام دینی، ملی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور ملت کا درد رکھنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افطار پارٹی اور رمضان کے پیکیج کا بائیکاٹ کریں۔