نئی دہلی: لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے پیر کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں منی پور میں تشدد اور جموں و کشمیر میں فوجی افسروں کی ہلاکت پر مرکزی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انھوں نے جموں و کشمیر میں دہشت گردانہ تصادم میں فوجیوں کی شہادت پر غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں ان کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جانی چاہئے تھی۔ انہوں نے منی پور میں تشدد کا بھی ذکر کیا اور حکمراں جماعت کو نشانہ بنایا۔
انھوں کہا کہ ایک طرف منی پور ہے اور دوسری طرف کشمیر، اس وقت دونوں جل رہے ہیں اور جب ملک میں سیکورٹی کی صورتحال کی بات آتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ صرف ایک جھانکی ہے ابھی تو بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ ادھیر رنجن نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر میں فوجی اب بھی اپنی جانیں قربان کر رہے ہیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ آرٹیکل 370 کی منسوخی کے خلاف کانگریس کی مخالفت درست تھی۔
دراصل ایوان میں کانگریس کے لیڈر چودھری پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس کے پہلے دن پارلیمنٹ کی پرانی عمارت میں ایوان کی کارروائی کے آخری دن خطاب کر رہے تھے۔ اس سے پہلے انھوں نے اپنے خطاب کے دوران حکومت کو پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں خواتین کے ریزرویشن بل کو پاس کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی نے خواتین ریزرویشن بل پاس کرانے کی کوشش کی تھی۔ حکومت کو اب یہ بل پاس کرانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ حکومت ان کا مطالبہ مان لے گی۔ اس کے علاوہ ادھیر رنجن نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے مطالبہ کیا کہ اپوزیشن کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے اور مفاد عامہ کے مسائل کو حکومت کے سامنے پیش کرنے کے لیے اپوزیشن جماعتوں کے لیے ہفتے میں ایک پورا دن مختص کیا جانا چاہئے۔
یہ بھی پڑھیں:
- کانگریس کا حکمراں جماعت سے خواتین ریزرویشن بل کو متعارف کرانے کا مطالبہ
- پارلیمنٹ کی پرانی عمارت آنے والی نسلوں کو تحریک دیتی رہے گی: وزیراعظم مودی
ملک کی ترقی کے لیے کئی سابق وزرائے اعظم کے تعاون پر بات کرتے ہوئے چودھری نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو نے جدید ہندوستان کی بنیاد رکھی۔ پنڈت نہرو نے انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (اسرو) جیسے ادارے قائم کیے جس کی وجہ سے ملک چندریان 3 کو چاند پر اتارنے میں کامیاب رہا۔ سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی نے ملک کی اقتصادی ترقی میں بہت بڑا تعاون کیا۔ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی نے ملک کو انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں اتنا خوشحال بنایا کہ آج ہم ڈیجیٹل انڈیا کی بات کر تے ہیں۔
کانگریس کے لیڈر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ کام زیادہ اور بات کم کرتے تھے۔ انہوں نے عالمی معاشی کساد بازاری کے دوران ملک کی معیشت کو اچھی طرح سنبھالا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے دور حکومت میں پنچایتی راج بل لا کر گرام پنچایتوں کو مضبوط کیا گیا۔ اطلاعات کے حق سے متعلق قانون بنا کر عام آدمی کو اطلاعات حاصل کرنے کا حق دیا گیا۔ حق تعلیم کا قانون بنا کر پانچ سے 14 سال کی عمر کے بچوں کے لیے تعلیم کا انتظام کیا گیا۔ راشٹریہ مہاتما گاندھی ایمپلائمنٹ گارنٹی ایکٹ بنا کر غریبوں کو روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ فوڈ سیکورٹی قانون لا کر غریبوں کو مناسب نرخوں پر غذائی اجناس کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔ چودھری نے کہا کہ ہمیں اہم چیزوں کو نہیں بھولنا چاہئے، ہم پرانی چیزوں کو نہیں بھولیں گے۔ جب ہم واسودیو کٹمبکم کہتے ہیں تو ہمیں ہر ایک کی فکر ہونی چاہیے۔