ایک ایسی شادی جس میں نہ بارات سجی، نہ بینڈ باجا بجا اور نہ ہی رقص ہوا، آٹھ دسمبر کو گھر میں خوشیوں کی شہنائی بجائی جانے والی تھی لیکن ٹھیک آٹھ گھنٹے قبل ہوئے ایک حادثے نے سبھی کی خوشی کو ختم کر دیا، ڈولی میں سوار ہونے والی دلہن اسٹریچر پر لیٹی تھی اور دولہا اسی حالت میں منگل ستر پہنا رہا تھا، اس موقع پر صرف گھر والے اور رشتیدار ہی موجود تھے۔
آٹھ دسمبر کو ریاست اتر پردیش کے ضلع پرتاپ گڑھ کے کُنڈا گاؤں میں آرتی موریہ کے گھر کو انتہائی خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا۔ اہل خانہ بارات کے استقبال میں مصروف تھے، دلہن آرتی موریا کو اپنے دولہے اودھیش کی بارات کا بے صبری سے انتظار تھا، کچھ ہی گھنٹوں کے بعد بارات آنے والی تھی، بارات کے استقبال کی تیاریاں بھی مکمل ہو گئیں تھیں، دلہن کے خوابوں کی شہنائی بجنے والی تھی اور وہ کچھ گھنٹوں بعد اپنے خوابوں کے شہزادے کے ساتھ رخصت ہونے والی تھی لیکن اچانک یہ تصویر بدل گئی۔ خوشی کے گھر کو غم نے چاروں جانب سے گھیر لیا۔ آرتی کے گھر والوں کے پیروں تلے سے زمین کھسک گئی۔ ایک لمحے میں رنگین تصویر سیاہ اور سفید نظر آنے لگی۔
ایک حادثے نے سارا ماحول ہی بدل دیا۔ بارات پہنچنے کے آٹھ گنھٹے قبل ایک حادثے نے سبھی لوگوں کو پریشان کر دیا، چھت پر کھیل رہے بچوں کو بچانے کے دوران آرتی کا پیر پھسل گیا اور وہ چھت سے نیچے گر گئی، حادثے میں آرتی کی ریڑھ کی ہڈی پوری طرح ٹوٹ گئی، کمر اور ٹانگوں سمیت جسم کے دیگر حصوں میں بھی چوٹیں آئیں۔ آرتی کی حالت اتنی تشویشناک تھی کہ کئی اسپتالوں نے آرتی کا علاج کرنے سے انکار کر دیا۔ پریشان گھر والوں نے آرتی کو پریاگ راج کے ایک نجی اسپتال میں داخل کرایا۔
آرتی کی حالت دیکھنے کے بعد ڈاکٹر نے بتایا کہ وہ فی الحال معذور ہو گئی ہے اور کئی مہینوں تک بستر سے بھی نہیں اٹھ سکتی ہے۔ اتنا سننا تھا کہ گھر والوں کے پیر تلے زمین کھسک گئی، گھر والوں کو لگا کہ اب لڑکا شادی سے انکار کردےگا۔
آرتی کے مایوس کنبے نے اودھیش اور اس کے گھر والوں کو ساری باتیں بتادیں۔ لڑکی والوں نے آرتی کی چھوٹی بہن سے شادی کی تجویز پیش کی لیکن دولہا اودھیش کا جواب سن کر لڑکی والے حیران رہ گئے۔
اودھیش نے کہا کہ آرتی جس حالت میں ہے وہ اسے قبول کرنے کے لئے تیار ہے۔ اودھیش نے یہ بھی کہا کہ شادی وقت پر ہی ہوگی۔ یہ سن کر آرتی کے اہل خانہ کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔ پھر آرتی کا علاج کر رہے ڈاکٹر سے بات کی گئی، خصوصی اجازت کے بعد آرتی کو دو گھنٹے کے لئے اسپتال سے گھر لایا گیا اور شادی کی رسومات اسٹریچر پر کر ادا کرائی گئی۔
آرتی کو آکسیجن لگایا گیا تھا، پانی بھی چڑھایا جا رہا تھا اسی دوران اودھیش نے آرتی کی مانگ میں سندور بھرا۔ اس موقع پر موجود سبھی لوگوں کی آنکھیں نم تھی، رواج کے مطابق رخصتی کی رسم بھی ادا کی گئی لیکن آرتی رخصتی کے بعد اپنے سسرال نہیں بلکہ اسپتال پہنچی۔
اگلے ہی دن آرتی کا آپریشن ہوا۔ آپریشن کے لئے بھرے جانے والے فارم پر دستخط شوہر کے طور پر خود اودھیش نے کئے۔
اب اسپتال میں داخل آرتی کو انتظار ہے کہ وہ جلد سے جلد ٹھیک ہو جائے تاکہ اپنے پیروں پر چل کر وہ اپنے شوہر کے گھر جا سکے، جب جب اس کی ہمت جواب دینے لگتی ہے اودھیش اسے حوصلہ دیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ سب ٹھیک ہو جائے گا۔ واقعی جس خاتون کو ایسا شوہر ملا ہو اس کی زندگی میں ہمیشہ ٹھیک ہی ہوگا۔