ایودھیا: اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ایودھیا میں دیرینہ رام للا کی پران پرتشٹھا تقریب کے دن 22جنوری کو ریاست میں تعلیمی اداروں میں چھٹی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
انہوں نے اس خاص موقع کو قومی اتسو قرار دیتے ہوئے کہا کہ 22جنوری کو ریاست میں شراب وغیرہ کی دوکانیں بند رکھی جائیں۔ منگل کو ایودھیا دورے پر آئے وزیر اعلی نے رام للا اور ہنومان گڑھی کے درشن پوجن کے بعد رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کے ذمہ داروں کے ساتھ میٹنگ کی۔
مکر سنکرانتی کے بعد شروع ہونے والی پران پرتشٹھا کی ویدک رسومات کے بارے میں جانکاری لیتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ تقریب کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات میں تیرتھ چھیتر ٹرسٹ کو تمام ضروری تعاون فراہم کریں۔ اس کے بعد کمشنر نے آڈیٹوریم میں مقامی عوامی نمائندوں کی موجودگی میں مقامی انتظامیہ کے افسران سے تیاریوں کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات دیں۔
انہوں نے کہا کہ پران پرتشٹھا تقریب کے لئے آنے والے معززین کو ایودھیا میں بہتر مہمان نوازی ملنی چاہئے۔ ہر وی وی آئی پی کی آرام گاہ کا پہلے سے انتخاب کیا جانا چاہیے۔ موسم کو مدنظر رکھتے ہوئے ممکن ہے کہ کچھ مہمان ایک دو دن پہلے پہنچ جائیں، ایسی صورت میں ان کے قیام کے لیے بہتر انتظامات کیے جائیں۔ ایودھیا میں ہوٹل اور دھرم شالہ ہیں۔ گھر میں قیام کے انتظامات بھی موجود ہیں۔ ٹینٹ سٹی کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔ کمبھ کی طرز پر ایودھیا میں 25-50 ایکڑ پر ایک عظیم الشان ٹینٹ سٹی تیار کریں۔
یہ بھی پڑھیں:
- بی جے پی مسلمانوں کو بدنام کرنے کیلئے ایودھیا میں دھماکے کروا سکتی ہے: آر جے ڈی ایم ایل اے
- راموجی فلم سٹی میں ایودھیا کے رام مندر کے کھڑاؤں کی آمد
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پران پرتشٹھا تقریب میں بڑی تعداد میں لوگ آ رہے ہیں۔ ایسے میں لکھنؤ، پریاگ راج اور گورکھپور سے ایودھیا جانے والے راستے کو گرین کوریڈور کے طور پر تیار رکھا جائے۔
یو این آئی