نئی دہلی: عالمی منڈی میں غیر یقینی صورتحال کے درمیان مارچ 2023 میں ہندوستان سے تجارتی اشیا کی برآمدات سالانہ بنیاد پر 13.88 فیصد کم ہوکر 38.38 ارب ڈالر رہی جبکہ گزشتہ سال اسی ماہ میں 44.57 ارب ڈالر کی برآمدات ہوئی تھی۔ ہندوستان کی کل برآمدات (اشیا اور خدمات) سالانہ بنیاد پر 13.84 فیصد بڑھ کر مارچ 2023 کو ختم ہونے والے پچھلے مالی سال میں 770.18 ارب ڈالر کے برابر رہی، جو مالی سال 2021-22 میں 676.53 ارب ڈالر تھی۔
مارچ کے مہینے میں برآمدات میں یہ کمی بڑے ترقی یافتہ ممالک کی معیشتوں میں سست روی کے ماحول اور مانگ کی کمزوری کی عکاسی کرتی ہے۔ وزارت تجارت کی طرف سے آج جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق مارچ 2023 میں تجارتی اشیاکی کل درآمدات 58.11 ارب ڈالر تھی۔ کامرس سکریٹری سنیل برتھوال نے آج کہا کہ مالی سال 2022-23 میں کل برآمدات بڑھ کر 770 ارب ڈالر ہوگئی جو حکومت کے مقرر کردہ سالانہ ہدف سے زیادہ ہے۔انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ مالی سال 2022-23 کے لئے کل برآمداتی ہدف 750 ارب ڈالر تھا۔ پچھلے مالی سال میں ہندوستان نے کل 676 ارب ڈالر کی اشیاء اور خدمات برآمد کی تھیں۔ بتا دیں کہ بھارت کی کل برآمدات سالانہ بنیاد پر 13.84 فیصد بڑھ کر مارچ 2023 کو ختم ہونے والے پچھلے مالی سال میں 770.18 ارب ڈالر کے برابر رہی، جو مالی سال 2021-22 میں 676.53 ارب ڈالر تھی۔
یواین آئی