پولنگ کے بعد اسٹرانگ روم EVM Strong Room میں رکھی ای وی ایم کی حفاظت 10 مارچ تک ضلع انتظامیہ اور پولیس کے ذمہ ہے۔
اس تعلق سے سہارنپور کے ایس ایس پی آکاش تومر نے بتایا کہ شہر سہارنپور کے جنتا روڈ پر واقع ویئر ہاﺅس میں ای وی ایم کو محفوظ طریقے سے رکھا گیا ہے، یہاں پر سی آر پی ایف اور آر اے ایف کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔
ایس ایس پی آکاش تومر نے بتایا کہ ای وی ایم کی سیکورٹی کو لے کر فورسز کو پہلے ہی ہدایات دی جاچکی تھیں، یہاں کی سکیورٹی کے لیے ایس پی سٹی راجیش کمار کو نوڈل آفیسر بنایا گیا ہے۔
آج صبح ایس ایس پی آکاش تومر نے ویئر ہاﺅس پہنچ کر ای وی ایم کی سکیورٹی کا جائزہ لیا۔
اس دوران یہاں پر تعینات سبھی سی آر پی ایف اور آر اے ایف کے جوانوں کو ہدایات دیں اور ساتھ ہی انہیں کہا کہ کسی بھی شخص کو ای وی ایم کے پاس تک نہ جانے دیا جائے۔ اگر کسی شخص نے بھی وہاں پر پہنچنے کی کوشش کی تو اس کو فوراً گرفتار کرلیا جائے۔
دوسری جانب سماج وادی پارٹی کارکنان نے گزشتہ روز سے ہی سینٹرل ویئر ہاﺅس پر نگرانی شروع کردی ہے جس کے لئے انہوں نے ویئر ہاﺅس کے سامنے پنڈال لگایا ہے۔ کارکنان رات دن ویئر ہاﺅس میں رکھی ای وی ایم کی پہرے داری کررہے ہیں۔