کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاستی کانگریس دفتر میں 'انتی ودھان جن گھوشنا پتر' Unnati Vidhan Jan Ghoshna Patra جاری کیا۔
اس موقع پر کانگریس کے ریاستی صدر اجے کمار للو اور سابق ریاستی صدر سلمان خورشید سمیت دیگر لیڈروں کی موجودگی میں انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے پرینکا گاندھی نے کہا کہ جس طرح سے چھتیس گڑھ میں حکومت بننے کے تین گھنٹوں کے اندر کسانوں کا قرض معاف کیا گیا تھا اسی طرح اترپردیش میں بھی قرض معاف کیا جائے گا۔ Congress Manifesto Unnati Vidhan
پرینکا نے کہا کہ کانگریس کا دوسرا بڑا اعلان اترپردیش میں 20 لاکھ روزگار دینے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اترپردیش میں ابھی 12 لاکھ سرکاری اسامیاں ہیں۔ ان اسامیوں کو پُر کرکے آٹھ لاکھ روزگار کے اضافی مواقع پیدا کئے جائیں گے۔
کانگریس جنرل سکریٹری Priyanka Gandhi Vadra نے کہا کہ کانگریس نے تین ودھان پتر (انتی ودھان، شکتی ودھان اور بھرتی ودھان) کے طور پر اپنا انتخابی منشور جاری کیا ہے۔
پرینکا نے کہا کہ کانگریس لیڈروں نے پورے صوبے میں گھوم کر عوام کے مسائل کی نشاندہی کر کے یہ منشور تیار کیا ہے۔ یہ منشور عوام کی آواز کو اجاگر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کسانوں کی قرض معافی، نوکریوں میں خواتین کو 40 فیصدی ریزرویشن اور 20 لاکھ روزگار کے علاوہ کسانوں کو آوارہ مویشیوں کے مسائل سے نجات دینے کے بھی پختہ انتظامات کئے جائیں گے۔
کانگریس جنرل سکریٹری نے کہا کہ اس کے لیے چھتیس گڑھ کی طرز پر اترپردیش میں آوارہ مویشیوں کے مسائل سے کسانوں کو نجات دلانے کے لیے 'گوردھن اسکیم' کا آغاز کریں گے۔ اس کے تحت دو روپے فی کلو گرام کی شرح سے حکومت کسانوں سے گوبر خریدے گی۔ اس گوبر سے آرگانک کھاد بناکر کسانوں کو سستی شرحوں پر فروخت کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تجربہ چھتیس گڑھ میں کافی کارگر ثابت ہوا ہے۔ اس سے کسانوں کو آوارہ مویشیوں سے نجات بھی ملی اور ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہوا۔